LatestNewsTOP STORIES

CRIME UPDATE

سی ڈی اے ملازم کا 13 سالہ بیٹا اسلام آباد کے فیصل مسجد میں واقع مدرسہ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔ ورثاء کی جانب سے پولیس تھانہ مارگلہ کو فوری قانونی کارروائی کے لئے تحریری درخواست دی گئی لیکن پولیس نے روائتی سستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واقعہ کا مقدمہ تک درج نہ کیا اور ورثاء کو اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو تلاش کرنے کا کہہ کر واپس گھر بھیج دیا۔ گلی نمبر 17، سیکٹر جی سکس ٹو اسلام آباد کے رہائشی سی ڈی اے فائر بریگیڈ کے ملازم حامد وسیم نے پولیس تھانہ مارگلہ کو تحریری درخواست دیتے ہوئے بتایاکہ میرا 13 سالہ بیٹا عبدالحاسب فیصل مسجد اسلام آباد کے مدرسہ میں قرآن پاک حفظ کر رہا تھا۔ 18 جولائی 2024ء کی صبح آٹھ بجے میں نے اسے حسب معمول مدرسہ میں ڈراپ دیا۔ چار بجے چھٹی کے وقت اسے لینے مدرسہ گیا لیکن وہ گیٹ پر نہیں آیا۔ جس پر میں نے مدرسہ کے اساتذہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایاکہ بچہ چار بجے تک مدرسہ میں ہی تھا۔ لیکن کافی تلاش کے باوجود نہ مل سکا۔ جس کے بعد فیصل مسجد کے چاروں اطراف بھی اسے تلاش کیا لیکن اس کا کہیں پتہ نہ چلا۔ ورثاء کے مطابق جب پولیس تھانہ مارگلہ کو واقعہ کی تحریری درخواست دی گئی تو ایس ایچ او نے ہمیں اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کرنے کو کہا۔ اگر کسی وزیر، ڈپلومیٹ یا بیوروکریٹ کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آتا تو پولیس کی دوڑیں لگ جاتیں۔ نہ تو پولیس نے مقدمہ درج کیا، نہ جائے وقوعہ پر گئی، نہ ہی مدرسہ انتظامیہ و عملہ کے بیانات قلمبںد کرنے یا سی سی ٹی وی فوٹیجز اور سیف سٹی کیمروں سے کسی قسم کی مدد لینے کی زحمت کی۔ متاثرہ سرکاری ملازم نے وزیر داخلہ، آئی جی اور ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *